پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 22 مارچ سے ہوگا، پاکستان ٹیم 18 مارچ کو یو اے ای روانہ ہوگی

174
Pakistan, Australian
Pakistan, Australian

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ پاکستان کی 16 رکنی ٹیم سیریز میں شرکت کےلئے شعیب ملک کی قیادت میں 18 مارچ کو یو اے ای روانہ ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے پہلے ہی 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے مطابق شان مسعود، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، سعد علی، عمر اکمل، شعیب ملک کپتان، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، محمد عباس، محمد عامر، جنید خان، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور محمد حسین ٹیم میں شامل ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں شیڈول ون ڈے سیریز کے دوران عالمی درجہ بندی میں پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا بھی مقابلہ ہوگا۔ پاکستان اگر ون ڈے سیریز جیت جاتا ہے تو وہ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی پاکر چھٹی سے پانچویں پوزیشن پر پہنچ جاے گا۔ پاکستان اس وقت ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر ہے۔ پاکستان کے سیریز ہارنے کی صورت اس کی رینکنگ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم رینکنگ کے پوائنٹس کم ہو جائینگے۔ اس لئے پاکستان کو اپنی عالمی درجہ بندی کو بہتر بنانے کا سنہری موقع ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 24مارچ کو شارجہ میں ہی کھیلا جائے گا، تیسرا میچ 27 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا چوتھا میچ 29 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 31 مارچ کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز کے سارے میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔ پاکستان ٹیم سیریز میں شرکت کے لئے 18مارچ کو یو اے ای کےلئے روانہ ہوگی۔ سرفراز احمد کو ریسٹ دے کر شعیب ملک کو ٹیم کی کپتانی دی گئی ہے اور شعیب ملک کی کوشش ہوگی کہ یو اے ای کی کنڈیشز سے فائدہ اٹھا کر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔