پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈراہوگیا

59

راولپنڈی۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈراہوگیا ہے، آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنر بیٹرز نے 51سال پرانا ریکارڈتوڑ دیا ، میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے 252رنز بنائے ، امام الحق 111اور عبد اللہ شفیق 136رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ، امام الحق نے پہلی اننگز میں 157اور اظہر علی185رنز بنائے تھے، 476کے جواب میں آخری روز آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 459پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو آسٹریلیا پر 17 رنز کی برتری حاصل رہی ،پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے سب سے زیادہ 6 ، شاہین آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،

اوپنر امام الحق دونوں اننگز میں سنچری سکور کر نے پر پلیئرآف دی میچ قرار پائے ،پاکستان کے اسپنر نعمان علی کو میچ کا بہترین بائولر قرار دیا گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 12مارچ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے پانچویں اورروز آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز 7 وکٹ کے نقصان پر 449 رنز سے کیا تاہم پاکستانی بولرز نے کھیل کی شروعات میں ہی کینگروز کو قابو کرلیا،455 کے مجموعے پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نعمان علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے اور ان کے بعد 459 کے اسکور پر شاہین آفریدی نے مچل اسٹارک کو ایل بی ڈبلیو کردیا،459 اسکور پر ہی نعمان علی نے نتھن لیون کو تین رنز پر پویلین بھیجا اور اس طرح مہمان ٹیم پہلی اننگز میں459رنز پر ڈھیر ہوگئی ،

آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 97رنز بنا کر نمایاں رہے،ڈیوڈ وارنر نے 68، مارنس لبوشین نے 90 اور اسٹیو اسمتھ نے 78 رنز کی اننگز کھیلی ،پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے سب سے زیادہ 6 ، شاہین آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،نعمان علی نے 8 ٹیسٹ میچز میں تیسری بار 5 وکٹیں حاصل کیں تاہم پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا لیکن اس میچ میں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نت نئے ریکارڈز قائم کر دئیے، آسٹریلیا کے خلاف میچ کی پہلی اننگز میں 105رنز کی اوپننگ شراکت قائم کرنے والے پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور 250رنز سے زائد کی ساجھے داری بنائی،میچ کی دونوں اننگز میں سنچری 6شراکت کی بدولت پاکستان کے اوپنرز نے 51سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا،یہ 51سال میں پہلا موقع ہے کہ آسٹریلین باولرز کے خلاف کسی ٹیم نے دونوں اننگز میں سنچری شراکت قائم کی ہے،

اس سے قبل 1971 میں انگلینڈ کے جیفری بائیکاٹ اور جان ایڈرچ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا، اس کے علاوہ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرا موقع ہے کہ کسی ٹیسٹ میچ میں تین سنچری اوپننگ شراکت اسکور ہوئی ہوں ، پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ، امام الحق 111اور عبد اللہ شفیق 136رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی،پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 185 اور امام الحق نے 157 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھیں۔چوتھے روز قبل ازیں راولپنڈی میں بارش و کم روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل محض 67 اوورز تک محدود رہا تھا،

رات گئے مسلسل بارش سے گرائونڈ گیلا ہونے کے باعث چوتھے روز کا کھیل صبح وقت پر شروع نہیں ہوسکا تھا۔ایمپائرز نے صبح گرائونڈ کا معائنہ کیا اور دوپہر ایک بجے کھیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 271 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ سے کیا تھا۔ مارنوس لبوشین 90 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے تھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 78 رنز بناسکے تھے، دن کے اختتام کے قریب پاکستانی بالرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 3 وکٹیں جلد لے اڑے، کیمرون گرین 48، ٹرویس ہیڈ 8، ایلکس کیری 19 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے،کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک باالترتیب 12 اور 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا ، آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان پر 138 رنز بنالئے تھے جس کے بعد ڈیوڈ وارنر ساجد خان کے ہاتھوں 68 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے ، عثمان خواجہ بھی 97 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر امام الحق کا شکار بنے۔

دونوں نے 165 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی ۔آسٹریلیا کے کھلاڑی مارنوس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور مجموعی 271 رنز بنالئے تاہم خراب روشنی اور بارش کے باعث میچ روک دیا گیا،مارنوس لبوشین 69 اور اسٹیو اسمتھ 24 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے تھے ، پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 بنارکھے تھے۔ پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا، سابق کپتان اظہر علی نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 185 رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گرگئی اور اوپنر امام الحق 157 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،اظہر علی اور امام الحق نے 208 رنز کی شراکت داری کی تھی، چائے کے وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم 36 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے تھے پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی،نتھن لائن ، پیٹ کمنز اور مارنوس لابو شین نے ایک ایک وکٹ لی تھی۔

قومی ٹیم نے پہلے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لائن نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا تھا۔اوپنر امام الحق نے شاندار بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کیرئیر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، وہ 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ، اظہر علی نے انکا بھرپور ساتھ دیا اور 64 رنز بنائے تھے ،

پہلے روز آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ نتھین لائن نے حاصل کی تھی ۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے، پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گیا ہے، آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔