پاکستان اور آسٹریلیا کے سینئر حکام کے درمیان مذاکرات کا آٹھواں سیشن، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی

169
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے سینئر حکام کے درمیان مذاکرات کا آٹھواں سیشن اسلام آباد میں گزشتہ روز منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ آسٹریلیا وفد کی قیادت فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری برائے شمالی اور جنوبی ایشیا گیری کوون نے کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون پر جامع تبادلہ خیال کیا جس میں اعلیٰ سطح کے تبادلے، سیاسی، اقتصادی، ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، دفاع، سلامتی اور انسداد دہشت گردی، نقل مکانی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بھی شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ فریقین نے ایک دوسرے کو اپنی اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا اور کثیرالجہتی ترتیبات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے آسٹریلوی وفد کو جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال بشمول افغانستان کی انسانی صورتحال اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اسلام آباد میں تجارتی مذاکرات بھی ہوئے، فریقین نے زراعت اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت میں تجارتی رسائی میں اضافہ اور حقوق ملکیت دانش کے باہمی تحفظ بالخصوص باسمتی چاول کے جغرافیائی اشارے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔