اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ارجنٹائن عالمی تشویش کے تناظر میں مشترکہ عالمی ماحولیاتی نقطہ نظر اور ایک جیسے چیلنجزسے نبرد آزما ہو رہے ہیں۔
ہفتہ کو یہاں جاری ایک بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو موسمی تغیر اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام ارجنٹائن کے اعلی ترین تھنک ٹینک نے کیا تھا۔
حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصانات کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1700 سے زائد اموات ہوئی ہیں اور تقریبا 7.9 ملین افراد بے گھر ہو گئے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس جانی نقصان کے علاوہ 14.6 ملین لوگوں کا غذائی تحفظ خطرے میں ہے ۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی ماحولیاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا اور صنعتی ممالک سے کہا کہ وہ ماحولیاتی آلودگی سے متعلق اپنی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔