پاکستان اور ازبکستان کا تعمیرات، چمڑے، لاجسٹک اور ادویہ سازی کے شعبو ں میں دوطرفہ تعاون کی ضرورت پر زور

49

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان نے تعمیرات، چمڑے، لاجسٹک اور ادویہ سازی کے شعبو ں میں دوطرفہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ازبک۔پاکستان بزنس کونسل (جے بی سی) کا اجلاس بدھ 14 جولائی 2021 کو تاشقند میں منعقد ہوا۔

تاشقند سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق جے بی سی کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور سرمایہ کاری اور غیر ملکی تجارت کے وزیر سردور عمر زکوف نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس کے آغاز پر تعارفی نشست کے بعد ازبکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اکراموف الہاموچ اور وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر ناصر حیات مگو ں نے تفصیلی خطاب کیا۔

پاکستان کی جانب سے تعمیرات، چمڑے اور لاجسٹک کے شعبوں جبکہ ازبکستان کی جانب سے ادویہ سازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جے بی سی کے اجلاس میں دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 کے قریب کاروباری و صنعتکار وں نے شرکت کی۔