اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان کے بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت ، معیشت و سائنسی تعاون کا آٹھواں اجلاس جمعہ کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں شروع ہوگیا۔ وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس کےشریک چیئرمین ہیں اور وہ پاکستانی وفد کی قیادت بھی کررہےہیں ، بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت ، سرمایہ کاری ، معیشت اور سائنسی و تکنیکی تعاون کے شعبہ جات میں تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کےلئے بھی غور ہوگا۔پاکستانی وفد ایک روز قبل تاشقند پہنچا ۔
وزیرخزانہ نے گزشتہ شب ازبکستان کے صدرشوکت مرزائیوف سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کے عملی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ملاقات کا موقع ملنے پر ازبکستان کے صدرکا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے انہیں نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اجلاس میں ٹرانزٹ اور ترجیحی تجارت کے حوالے سے اہم معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔
ملاقات میں معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے مخصوص منصوبوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو بین الحکومتی مذاکرات کے ایجنڈے کے حصے کے طور پر شامل کرنے سے اتفاق کیاگیا۔ ازبک صدر نے ازبکستان اورپاکستان کے درمیان شاہراہوں پر آمدورفت کو ترقی دینے، وسطی اور جنوبی ایشیا کو افغانستان سے ملانے اور پاکستان کی بندرگاہوں تک جانے والے ریلوے لائن کی تعمیر کے منصوبے کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔