22.2 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور ازبکستان کے تعلقات گہرے ثقافتی روابط اور برادرانہ رشتوں پر...

پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات گہرے ثقافتی روابط اور برادرانہ رشتوں پر ہیں، محمد حنیف عباسی

- Advertisement -

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ ان کی بنیاد مشترکہ تاریخ، گہرے ثقافتی روابط اور برادرانہ رشتوں پر ہے، جو باہمی اعتماد اور احترام کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وہ ازبکستان کے 34ویں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر نے ازبک سفیر اور دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری کے میدان میں ریلوے اور ٹرانسپورٹ کا کردار نہایت اہم ہے اور اس شعبے میں مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کو مزید قریب لا سکتے ہیں۔

اسی طرح تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی تجارتی حجم بڑھانے اور نئے سرمایہ کاری مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، تاکہ دونوں ممالک کی معیشتیں ایک دوسرے کے لیے معاون بن سکیں۔ توانائی اور قدرتی وسائل کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جو مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ مزید برآں تعلیم اور ثقافت کے شعبے میں طلبہ اور ماہرین کے تبادلوں کے ذریعے عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور ایک دوسرے کی زبان، ادب اور ورثے کو بہتر انداز میں سمجھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کی یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے گی بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کی نئی راہیں بھی کھولے گی۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے ازبک سفیر اور دیگر معزز مہمانوں سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں