پاکستان اور ازبکستان کے درمیان آسان ویزہ طریقہ کار اور بہتر بینکنگ چینلز سے تجارت کو مزید فروغ ملے گا، مختصر مدت میں ایک ارب ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف کو حاصل کر لیں گے، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

740
Caretaker Prime Minister
Caretaker Prime Minister

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسان ویزہ طریقہ کار اور بہتر بینکنگ چینلز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ ملے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری مختصر وقت میں ایک ارب ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف کو آسانی سے حاصل کر لے گی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم ڈاکٹر جمشید خدجایو عبدوخاکومووچ نے سات رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور 8 سے 9 نومبر 2023 تک ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقدہ 16ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع اور رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے وزرائے تجارت کے پہلے سہ فریقی اجلاس کے انعقاد کو بھی سراہا۔ تینوں فریقوں نے کسٹم، لاجسٹکس، تجارت کے فروغ، ٹیرف، ٹی آئی آر کے طریقہ کار پر بات چیت کے لئے سہ فریقی ورکنگ گروپ بھی قائم کیا۔ سہ فریقی اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ سہ فریقی طریقہ کار تینوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دے گا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تبادلوں اور تعلقات مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آسان ویزا طریقہ کار اور بہتر بینکنگ چینلز دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری مختصر وقت میں ایک ارب ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف کو آسانی سے حاصل کر لے گی۔ازبک نائب وزیر اعظم نے ان کی اور ان کے وفد کے پر تپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بینکنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں سمیت پاکستان کی تاجر برادری کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے فعال بات چیت جاری رکھیں گے۔

ازبکستان کے وفد میں وزیر ٹرانسپورٹ الخم مخکاموف رستمووچ، نائب وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت بدری الدین عابدوف، نائب وزیر خارجہ، بابور عثمانوف، سٹیٹ سکیورٹی سروس کے ڈپٹی چیئرمین میجر جنرل فرخ مختارئوف اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر میجر جنرل فرخ مختاروف اویبیک عارف عثمانوف شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر تجارت گوہر اعجاز کے علاوہ سیکرٹری تجارت، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔