پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہ راست پروازیں رواں ماہ کے آخر میں شروع ہو جائیں گی ، ازبک سفیر

216
Uzbek ambassador
Uzbek ambassador

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے اعلان کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہ راست پروازیں رواں ماہ نومبر 2024 کے آخر میں شروع ہو جائیں گی۔یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے صدر رانا محمد صدیق خان سے اسلام آباد میں ازبکستان کے سفارت خانے میں ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ اور جی سی سی آئی کے تجارتی وفد کے ازبکستان کے آئندہ دورے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان میں ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت اور کاروبار میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور ازبکستان کے ساتھ وفود کے تبادلے کرے۔

انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر کی جانب سے تجارتی وفد کو ازبکستان لے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور جی سی سی آئی کے تجارتی وفد کو دوطرفہ تجارت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ازبکستان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ازبکستان میں ٹیکسٹائل، کیمیکل، آئی ٹی، لکڑی کی پیداوار اور بہت سے ممکنہ شعبوں میں کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان جغرافیائی طور پر وسطی ایشیا کے مرکز میں واقع ہے اور وسطی ایشیا کی 80 ملین آبادی کو پاکستان سے ملانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

سفیر نے کہا کہ ازبکستان اپنی جیو اسٹریٹجک پوزیشن کی وجہ سے ایک اہم ملک ہے جو پاکستان کو روس اور بیلاروس سمیت یورپی منڈیوں میں مارکیٹ تک رسائی فراہم کر سکتا ہے۔ازبکستان کے سفیر نے مستقبل قریب میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم کردار دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ممکنہ تعاون کے متعدد شعبوں میں قریبی اقتصادی تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان نے 17 اشیا پر دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ اور دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس موقع پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے صدر رانا محمد صدیق خان نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے میں گوجرانوالہ کی تاجر برادری کا کردار نمایاں ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کا کردار قابل قدر ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ انڈسٹریل سیکٹر پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 8 فیصد حصہ ڈالتا ہے اور اسی طرح اس وقت گوجرانوالہ سے پاکستان کی برآمدات 2.5 بلین ڈالر ہیں ، یہ شہر ملک کے ریونیو میں بھی تیسرا بڑا حصہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت گوجرانوالہ میں 18 ہزار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارہیں جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان وسطی ایشیائی ریاستوں میں ایک مرکزی ملک ہے، پاکستان اور ازبکستان خطے میں اقتصادی انضمام کے لیے بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص ازبکستان کا مشترکہ اقتصادی اور تجارتی مستقبل ہے اور مشترکہ اقتصادی خوشحالی کے تصور سے ہی ہمارے خطے میں معاشی ترقی آسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس پہلے ہی ازبکستان میں مختلف شعبوں میں کاروبار کر رہا ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔