پاکستان اور ازبکستان کے وزراءخارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر انتہائی ساز گار ماحول میں مذاکرات

115

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی)ازبکستان کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے راستے پاکستان اور ازبکستان کے مابین ریلوے لائن بچھانے کی پیشکش کر دی۔منصوبے سے علاقائی راہداری کے مرکز کی حیثیت پاکستان کی صلاحیت، وسطی ایشیائی ریاستوں کیساتھ رابطہ کاری اور علاقائی ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہو گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ازبکستان کے وزراءخارجہ کے درمیان جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر انتہائی ساز گار ماحول میں مذاکرات ہوئے۔ازبک وزیر خارجہ نے اس موقع پر افغانستان کے راستے پاکستان اور ازبکستان کے مابین ریل روڈ کی پیشکش کر دی جس سے علاقائی راہداری کے مرکز کی حیثیت سے پاکستان کی صلاحیت اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیساتھ رابطہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ازبک وزیر خارجہ نے جمعرات کو پانچ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کیا۔وفد کے ارکان میں نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ اختیار عبداللہ،ازبک صدر کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان عصمت اللہ ارگاشیف اور ازبک وزارت خارجہ امور و سیکورٹی سروس کے دیگر نمائدے شامل تھے۔ازبک وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ملکوں کے مابین سیاسی،سیکورٹی،دفاع،افغانستان میں مصالحتی عمل،تجارت،سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون سے متعلق بامعنی اور مفید بات چیت ہوئی۔دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے دو طرفہ سیاسی مشاور کا افتتاحی سیشن اور تاشقند میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا چھٹا سیشن جلد از جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔