اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):ماریشس میں پاکستان کے نامزد سفیر سید زاہد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان اورافریقہ کے تعلقات تاریخی ہیں جوکہ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، باہمی تعاون کو بروئے کار لا کر پاکستان اور افریقہ نئے اقتصادی مواقع اور پائیدار ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ کے ساتھ گہرے روابط پاکستان کے لئے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے مضبوط اور موثر شراکت داری قائم کرنا ایک ناگزیر ہدف ہے جسے ایک واضح وژن، مستقل پالیسی اور طویل مدتی کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے۔نامزد سفیر نے دنیا بھر کے دوست ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ماریشس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ کاروبار سے کاروبار اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی سطح پر ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے وہ کاروباری وفود کے ماریشس کے دوروں کو منظم کرنے کی پوری کوشش کریں گے خاص طور پر آئی سی سی آئی کے ممبران کو دوطرفہ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے پر توجہ دینا ہوگی۔ ظفر بختاوری نے مہمان سفیر کو آگاہ کیا کہ چیمبر نے پہلے ہی افریقہ پر فوکس کر رکھا ہے اور حال ہی میں پاکستان اور افریقی ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے یوم افریقہ منایا گیا اور ماریشس کے سفیر جو کہ پاکستان کے بہترین دوست کے طور پر جانے جاتے ہیں ،نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ بدلے ہوئے حالات میں پاکستان کے سفیروں کو ملک کی معاشی بہتری کے لئے مشنری جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہو گا اور ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہو گا خصوصاً پاکستان کی برآمدات اور سیاحت کے فروغ کے لئے کاروباری تعلقات کو مضبوط کرنا ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کی بھی مساوی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے ملک کے سافٹ امیج کو فروغ دے۔
انہوں نے ممکنہ سرمایہ کاروں کو پریشانی سے پاک ویزا دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ظفر بختاوری نے یہ بھی بتایا کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داریوں کے تحت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری دارالحکومت کے مختلف تجارتی مراکز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگا رہے ہیں، تعلیمی اداروں کو کمپیوٹر فراہم کر رہے ہیں اور مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد کر رہے ہیں۔
اس موقع پر عبدالرحمٰن صدیقی جنرل سیکرٹری F-7مرکز، راجہ حسن اختر صدر بلیو ایریا، راجہ جاوید اقبال صدر G-9مرکز، ملک نعیم اعوان صدر G-11مرکز، مقصود تابش، ناصر محمود چوہدری، ذوالقرنان عباسی، چوہدری وسیم، ضیاء خالد چوہدری اور غلام مرتضیٰ صدیق بھی موجود تھے۔