اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے، موثر بارڈر مینجمنٹ اور سکیورٹی دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے۔
یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں افغان صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں افغان صحافیوں کے مسائل، ویزا معاملات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے
کہ امن دشمنوں کی نشاندہی کرے تاکہ ریاست انہیں شکست دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ افغان صحافیوں کے ویزا معاملات پر وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اس امر کو یقینی بنائے گا کہ تمام غیر ملکی قانونی طریقوں سے ہمارے ملک میں داخل ہوں۔ افغان صحافیوں کے وفد نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔