23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور اقوام متحدہ کا امن مشنز میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ...

پاکستان اور اقوام متحدہ کا امن مشنز میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی پاکستان میں اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کو علاقائی تربیتی کورسز کی میزبانی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے ایک جامع تنظیم نو کا عمل جاری ہےاور پولیس افسران کی صلاحیت اور تربیت کو بڑھانے کے لیے اسے جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن آپریشنز جنرل جین پیئر لاکروکس سے ملاقات کی۔فریقین نے دنیا بھر میں امن مشنز میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلیٰ سطح کے ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مشیر فیصل شاہکار بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

وزیر داخلہ محسن نقوی نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم اور اقوام متحدہ کے قیام امن کی کوششوں کے لیے اس کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے گزشتہ سالوں میں اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنز میں پاکستانی فوج اور پولیس افسران کی نمایاں خدمات پر روزنی ڈالی اور ان کی کارکردگی کو مثالی اور پیشہ وارانہ قرار دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کئی سال کے بعد، پاکستانی پولیس افسران ایک بار پھر اقوام متحدہ کے مشنوں میں فعال طور پر حصہ لے رہے ہیں اور بہت سے لوگ اس وقت اقوام متحدہ کے پرچم تلے مختلف علاقوں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امن مشن میں ہر ممکن خدمات فراہم کرتا رہے گا۔پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان پولیس سروس کا ایک سینئر افسر اس وقت اقوام متحدہ کے پولیس آپریشنز کی سربراہی کر رہا ہے۔

انہوں نے عالمی سطح پر امن مشن کی کارکردگی بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی میں اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کے لیے علاقائی تربیتی کورسز کی میزبانی کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار میں ڈھالنے کے لیے ایک جامع تنظیم نو کا عمل جاری ہےاور پولیس افسران کی صلاحیت اور تربیت کو بڑھانے کے لیے اسے جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی صنفی پالیسی کے مطابق ملک کی پولیس فورس میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے صنفی شمولیت کے لیے پاکستان کے عزم پر بھی زور دیا۔ اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل جین پیئر لاکروکس نے پاکستانی افسران کے تعاون کو سراہا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی پولیس اہلکاروں کی دوبارہ تعیناتی میں سہولت فراہم کرنے میں وزیر محسن نقوی کی ذاتی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے مشکل حالات میں بھی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل لگن کو سراہا۔

یہ اجلاس اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے تعاون میں ایک قدم آگے بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے عالمی امن اور سلامتی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر اس کے کردار کو تقویت ملتی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584449

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں