پاکستان اور امریکہ دیرینہ اور تزویراتی شراکت دار ممالک ہیں، احدخان چیمہ

71

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی اموراحدخان چیمہ نے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ دیرینہ اور تزویراتی شراکت دار ممالک ہیں، 2022 کے سیالاب متاثرین کے لئے امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ امداداورتعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں بین الاقوامی ترقی کیلئے امریکی ادارہ یوایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹرکیٹ سوم وونگسری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرنے مشن ڈائریکٹر کا خیرمقدم کیا اورکہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری قائم ہیں۔ انہوں نے 2022 کے متاثرین سیلاب کے لئے امریکہ کی مدد اورتعاون کو سراہا اور توانائی، اقتصادی ترقی، لچک، تعلیم، صحت اور نارکوٹکس کنٹرول جیسے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لئے امریکی اقتصادی امداد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر نے ترقیاتی معاہدہ ڈولپمنٹ آبجیکٹواسسٹنس ایگریمنٹ کے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس پر تقریباً 13 سال بعد دونوں ممالک کے درمیان دستخط ہوئے ہیں۔یوایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ کی جانب سے ترقیاتی امداد کے ذریعے باہمی متفقہ ترجیحی شعبوں بشمول موسمیاتی لحاظ سے موزوں اقتصادی ترقی، جامع اور جوابدہ جمہوری طرز حکمرانی صحت مند، زیادہ تعلیم یافتہ آبادی جیسے شعبوں میں پاکستان کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو یو ایس ایڈ کے ذریعے امریکی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور پیشرفت بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امریکی حکومت پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی مقاصد کے حصول میں مدد کے لئے ہمیشہ دستیاب رہے گی۔ وفاقی وزیر نے امریکہ اور یو ایس ایڈ کی جانب سے حکومت پاکستان کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے جاری منصوبوں کے موثر نفاذ اور جائزہ کے لئے یو ایس ایڈ کے ساتھ قریبی تعاون کا یقین دلایا۔