پاکستان اور انڈونیشیاء تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں تو دونوں ممالک ترقی کے نئے منازل طے کرسکتے ہیں،گورنرسندھ

128
گورنر سندھ کی ہدایت پر انڈونیشیا کے 79ویں یوم آزادی کی مناسبت سے فوار ہ چوک پر پاک انڈونیشیا پرچم لگائے گئے
گورنر سندھ کی ہدایت پر انڈونیشیا کے 79ویں یوم آزادی کی مناسبت سے فوار ہ چوک پر پاک انڈونیشیا پرچم لگائے گئے

کراچی۔ 28 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ انڈونیشیا اور پاکستان مسلم دنیا کے بڑے ملک ہیں دونوں ممالک کے مابین تجارتی معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کیے جائیں تو دونوں ممالک ترقی کے نئے منازل طے کر سکتے ہیں۔گورنر ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈونیشیا کے 79ویں یوم آزادی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔

گورنر سندھ جب تقریب میں پہنچے تو انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل Teguh Wiwekoنے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ نے انڈونیشیا کے 79ویں یوم آزادی پر انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا کی مختلف شعبوں میں ناقابل یقین کامیابیاں واقعی قابل تعریف ہیں، معاشی ترقی، تعلیم اور ٹیکنالوجی میں انڈونیشیا کی کامیابیاں دنیا بھر کے لوگوں کے لئے متاثر کن ہیں، پاک انڈونیشیا کے مابین گہرا رشتہ باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مشتمل ہیں، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ کا بہترین ماحول، منافع بخش سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہے

، انڈونیشیا و دیگر ممالک کے سرمایہ کار صوبہ کے پرکشش شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،دونوں ممالک کا تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت و دیگر مختلف شعبوں میں تعاون خوش آئند ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ کے ذریعہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد،تعاون اور معاونت بھی فراہم کی جارہی ہے،

بعد ازاں گورنر سندھ نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا اس موقع پر پاکستان اور انڈونیشیا کی مختلف ویڈیوز بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں صوبائی وزراء، سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔انڈونیشیا کی 79 ویں قومی دن کے موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتی طور پر اقوام عالم کے ساتھ تعلقات کو مزید استوار کرنا چاہتا ہے جبکہ مسلم ممالک ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا ءامت مسلمہ کا سب سے بڑا آبادی والا مسلم ملک ہے اور اس کے ساتھ تعلقات کو تجارتی ،ثقافتی، سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط کر کے دونوں ممالک کے عوام کو ترقی کے ثمرات براہ راست پہنچائے جاسکتے ہیں۔کراچی میں تعینات انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان سے ہمارے تعلقات برسوں سے ہیں اور دونوں ممالک تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں مل جل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پاکستان سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتوں کے ساتھ ساتھ عوامی تعلقات کو بھی مزید آگے بڑھایا جائے۔