پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں ،وصی شاہ

130
Wasi Shah
Wasi Shah

لندن۔10نومبر (اے پی پی):نگراں وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے کہاہے کہ انڈونیشیا سیاحت کی دنیا میں اقوام عالم میں ایک خاص مقام رکھتا ہے ، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ورلڈ ٹریول مارٹ لندن میں انڈونیشیا کے وزیر برائے سیاحت اور جدید معیشت کے وزیر سانڈیاگا صلاح الدین سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ورلڈ ٹریول مارٹ لندن میں وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ کی تینوں دن اپنے وفد کے ہمراہ بھرپور شرکت نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔۔وصی شاہ نے انڈونیشین وزیر کی پاکستان پویلین کے دورہ کو یقینی بنایا۔ صلاح الدین سانڈیاگا کی پاکستان پویلین آمد پر وصی شاہ اور پورے پاکستان پویلین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔انہیں گلگت بلتستان کی روایتی کیپ اور سندھی چادر پہنائی گئی ۔ وصی شاہ اور صلاح الدین سانڈیاگا نے بعد میں صحافیوں سے گفتگو میں اس ملاقات کو ایک یادگار اور تاریخی قرار دیا جو آنے والے دنوں میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سیاحت کے نئے در کھول سکتی ہے ۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نوجوانوں کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ وصی شاہ نے اس بات پر زور دیا کی اگر باقاعدہ تربیت کا انتظام کیا جائے تو نوجوان سیاحت کی انڈسٹری میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے انڈونیشین وزیر سے ملاقات میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بہت سارے انڈونیشین طالبعلم پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔وصی شاہ نے کہا انڈونیشین طلباء کی تعداد میں مزید اضافے کی گنجائش ہے اور اس پر ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔

پاکستان کی آبادی پچیس کروڑ اور انڈونیشا کی آبادی تقریباً 28 کروڑ ہے لہذا اگر دونوں ملکوں کے مابین سیاحت کے شعبے میں کام کیا جائے تو دونوں ممالک کو غیر معمولی فائدہ ہو سکتا ہے ۔انڈونیشا کے جزیرے پوری دنیا میں مشہور ہیں اور پاکستان کو قدرت نے پہاڑوں، صحراؤں، سمندروں سے لے کر دنیا کی قدیم ترین آرکیالوجیکل سائٹس سے نواز رکھا ہے ۔

انڈونیشا کے وزیر نے انڈونیشیا کے بارے میں محبت اور معلومات پر وصی شاہ کی بے حد تعریف کی ۔وصی شاہ نے بھی انڈونیشین وزیر کے پاکستان پویلین کے دورے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دونوں کے درمیان اتفاق ہوا کہ اپنے اپنے ملک جا کر وہ اس رابطے کو مزید مضبوط بنائیں گے اور آنے والے دنوں میں کوشش کریں گے کہ سیاحت کے حوالے سے دونوں ممالک MOU سائن کریں سکیں۔