پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچز کی ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا،شیڈول جاری کر دیا گیا

113
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچز کی ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا،شیڈول جاری کر دیا گیا

لاہور۔22اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے باقی دو میچز 9 اور 17 دسمبر کو بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

ترجمان پی سی بی نے پیرکو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی، پاکستان اس وینیو پر 12 میچز کی میزبانی کرچکا ہے جس میں سے 5میں میزبان ٹیم کو فتح اور 3میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی، اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ اسی مقام پر کھیلا جائے گا جہاں سال 2000 میں مہمان ٹیم نے ناصر حسین کی زیرقیادت کامیابی حاصل کرکے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان کی مسلسل 34فتوحات کا تسلسل توڑا تھا، اس مقام پر اب تک پاکستان کو 23 ٹیسٹ میچز میں کامیابی اور صرف 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈکے ٹیسٹ سکواڈ کی ایک مرتبہ پھر پاکستان میں میزبانی کرنے پر بہت خوشی ہوگی،امید ہے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے شائقین کے لئے دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگی۔

ذاکر خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ فینز کو انگلینڈ کے ایلیٹ کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا نظارہ کرنے کے لیے 17سال تک انتظار کرنا پڑا ہے گو کہ ان میں سے اکثر پی ایس ایل میں شرکت کے لیے پاکستان آچکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کسی ملک کے لیے کھیل کا اہم ترین فارمیٹ ہوتا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق چیف ایگزیکٹو انگلش کرکٹ بورڈ( ای سی بی) کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ 2005کے بعد انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ کی پاکستان روانگی ایک تاریخی لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصہ بعد کرکٹ سے محبت کرنے والے پرجوش شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہیں، گزشتہ چند ماہ سے ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہے اور و ہ اس سیریز کے شیڈول کا اعلان کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس میں انگلینڈ کی ٹیم ساتویں اور پاکستان پانچویں نمبرپر موجود ہے۔