پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا

185

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم سے 5دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل تیاریوں میں مصروف ہیں۔

انگلش ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صبح 10 بجے شروع ہوتا ہے۔ 29 اور 30 نومبر کو بھی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم (آر سی ایس )میں پریکٹس سیشن منعقد کیا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہی پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ شروع ہوگا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس لیڈ کریں گے جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 9دسمبر سے کرکٹ سٹیڈیم ،ملتان جبکہ تیسرااور آخری ٹیسٹ میچ 17دسمبرسے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ،کراچی میں شروع ہوگا۔ انگلش ٹیم 2005کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔