کراچی۔20ستمبر (اے پی پی):پاکستان اورانگلینڈ کے مابین نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آج سے کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میچز کے حوالے سے سکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیاہے،سکیورٹی پلان کے مطابق مجموعی طورپر4000سے زائد پولیس اہلکارسکیورٹی پرمامورہوں گے۔
ترجمان ڈی آئی جی سکیورٹی اور ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایس ایس یو کے1000کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز سمیت سکیورٹی ڈویژن کے2000، ٹریفک پولیس کے1537،سپیشل برانچ کے 356، ریپڈ رسپانس فورس کے 300اہلکار،پاک فوج و سندھ رینجرزکے جوان اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نیشنل سٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گرائونڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کئے گئے ہیں۔
جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوزپرمشتمل سپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس(ایس ڈبلیو اے ٹی )ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی اورسٹیڈیم کے اطراف پیٹرولنگ پر بھی مامورہوگی۔ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈاینڈکنٹرول بس سٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل سٹیڈیم پرتعینات کی گئی ہے جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔سٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے اور ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی ہے۔
سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں /شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی گزشتہ روزسکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں نے دیگر قانون نافذ کرنے والے کیساتھ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران اور نیشنل سٹیڈیم کے اندر اور باہر کے سکیورٹی انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی۔نیشنل سٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔(الف) ایکسپو سینٹر (عام عوام کے لیے)، تماشائی اپنی گاڑیاں گیٹ نمبر 01 پارکنگ ایریا یونیورسٹی روڈ پر پارک کریں
گے۔(ب) نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گرائونڈ (صرف VIPs کے لیے)۔سکائی بلیو اور گرین پارکنگ اسٹیکرز والی گاڑیاں چائنہ گرائونڈ میں پارک کی جائیں گی۔سرخ، پیلے اور نیلے سٹیکرز والی گاڑیاں ہی صرف سٹیڈیم کے اندر پارک کی جا سکتی ہیں۔تماشائیوں کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے سٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا جن کو ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے لے کر انکلوژر تک مکمل رہنمائی اور مدد فراہم کریں گے۔
کرکٹ شائقین کے لیے خصوصی ہدایات شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈاپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے۔لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے سٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یالکڑی سٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے ،کسی بھی بینر/پوسٹر/پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ کرکٹ شائقین کوگرائونڈ، فنکاروں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔