لاہور۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل میں ترقی کا عزم لیے آج جمعرات کو انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی،پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغازآج 8 جولائی کو کارڈف سے ہوگا۔ دونوں ممالک کے مابین یہ سیریز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے جو کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ رانڈ تصور کیا جارہا ہے۔ ورلڈکپ سپر لیگ میں ہر میچ جیتنے والی ٹیم کو دس پوائنٹس ملیں گے۔
میچ برابریا بے نتیجہ ختم ہونیکی صورت پر دونوں ٹیموں میں پانچ پانچ پوائنٹس تقسیم کردئیے جائیں گے۔فی الحال پاکستان آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 میچز کھیل کر 40 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ انگلینڈ 12 میچز میں سے 6 میں فتح کے ساتھ 65 پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔ اس دوران انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 50 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دسری پوزیشن پر موجود ہے۔
یہ بارہواں موقع ہوگا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف ان کی سرزمین پر کوئی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔ دونوں ممالک کے مابین گزشتہ سیریز میں انگلینڈ کا ریکارڈ شاندار ہے جس نے 11 میں سے 9 سیریز جیتیں جبکہ ایک ڈرا رہی۔ اس دوران پاکستان نے انگلش سرزمین پر اپنی واحد سیریز 1974 میں جیتی تھی تاہم گزشتہ سال دور ہ انگلینڈ میں شامل ٹی ٹونٹی سیریز 1-1 سے برابر کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھامگر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کیحالیہ اعداد و شمار متاثرکن ہیں۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے بعد سے اب تک پاکستان کرکٹ ٹیم نے مجموعی طو رپر 8 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں سے 6 میں اس نے کامیابی حاصل کی۔ یہی نہیں بلکہ ورلڈکپ 2019 اورچیمپنز ٹرافی 2017، پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کے یہ دونوں ایونٹس انگلینڈ میں کھیلے گئے تھے۔
ان دونوں ایونٹس میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی فاتح انگلینڈ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی چیمپئن پاکستان کی ٹیم رہی تھی۔