اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور اومان نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اومان کے نائب وزیر اعظم سید فہد بن محمد السید سے مسقط میں ملاقات کے دوران پایا گیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اومان نائب وزیر اعظم کو افغانستان سمیت اہم علاقائی مسائل پر پاکستان کے نقطہءنظر کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، پاک۔ اومان تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اومان کے نائب وزیر اعظم نے عمان کی تعمیر و ترقی میں یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماو¿ں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔