پاکستان اور اٹلی کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے نئے راستے تلاش کیے جا سکتے ہیں ،صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی

148

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اٹلی اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفاع، زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت صنعتی شعبے میں تعلقات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،پاکستانی آئی ٹی ماہرین اپنی خدمات اور مصنوعات اٹلی اور یورپ میں فراہم کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلی کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر علی جاوید سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے نئے راستے تلاش کیے جا سکتے ہیں، دفاع، زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت صنعتی شعبے میں تعلقات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین اپنی خدمات اور مصنوعات اٹلی اور یورپ میں فراہم کر سکتے ہیں ، اٹلی میں پاکستانی سفیر اور تمام ذیلی عملہ اپنی توانائیاں پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل پر مرکوز رکھیں ، نامزد سفیر اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کو ضروری معاونت اور مشاورت کی خدمات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر پاکستان میں چیمبرز آف کامرس اور پاکستان کے بڑے صنعتی اور مینوفیکچرنگ اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھیں ،صنعتی یونٹس پاکستان منتقل کرنے کیلئے اطالوی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ، اطالوی سرمایہ کاری پاکستان میں سستی افرادی قوت ، خام مال اور سرمایہ کاردوست پالیسیوں سے مستفید ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی متعدد علاقائی اور عالمی مسائل بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر یکساں خیالات کے حامل ہیں ، پاکستانیوں کی بڑی تعداد اٹلی میں مقیم ہے ، ان کی فلاح و بہبود کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہیے۔

صدرمملکت نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں مظالم ، دھمکیوں ، ہراسگی ، کمزور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے بدسلوکی اور بھارت میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کو اجاگرکرنے کی ضرورت ہے جس سے بھارت میں مقیم مسلمانوں کی جان ومال کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں دونوں ممالک نے دستخط شدہ سٹرٹیجک اینگیجمنٹ پلان دو طرفہ اور باہمی تعاون کے فروغ کےلئے بہترین فریم ورک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کےدرمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا شراکت دار ہے جبکہ وہ دنیا میں پاکستان کے 10بڑے تجارتی شراکت داروں میں بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں 1.3ارب ڈالر کا تجارتی حجم ان کی حقیقی صلاحیتوں کے مطابق نہیں ہے، اس تجارتی حجم میں اضافہ کےلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے

انہوں نے کہا کہ اٹلی میں تقریباً2 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو اٹلی کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے ان پاکستانیوں کی ترجیحی بنیادوں پر فلاح وبہبود پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر روایتی معاشی سفارتکاری کے ذریعہ تعاون کے نئے مواقع بالخصوص سٹارٹس اپ کےلئے مواقع تلاش کریں گے۔