اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):ایتھوپین سفیرڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت، ثقافت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات کے ساتھ تعاون اور دوستی کی طویل تاریخ ہے، پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بے شمار مماثلتیں ہیں جن میں ان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی ترقی کے عزم شامل ہیں، دونوں ممالک بھرپور ثقافتی ورثہ اور علاقائی امن و استحکام کی شدید خواہش میں بھی شریک ہیں۔ یہ بات ڈاکٹر جمال بیکر عبد اللہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری سے چیمبر ہاؤس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایتھوپین سفیر نے پاکستان اور ایتھوپیا کے ساتھ ساتھ افریقی ممالک کے ساتھ وسیع تر تعلقات کو فروغ دینے میں احسن ظفر بختاوری کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ باہمی افہام و تفہیم کو گہرا کرنے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مجموعی دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ سفارتخانہ ایتھوپیا کے قومی دن کے موقع پر 11 ستمبر کو چیمبر ہاؤس میں ثقافتی تقریب کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اس تقریب کا مقصد ایتھوپیا کے بھرپور ثقافتی ورثے کی نمائش کرنا ہے جس میں ثقافتی طائفہ پرفارم کرے گاجو پاکستان اور ایتھوپیا کے عوام کے درمیان زیادہ افہام و تفہیم اور قربت کے فروغ کا باعث بنے گا۔مزید برآں 12 ستمبر کوسفارتخانہ اسلام آباد میں میراتھن کا انعقاد کرے گا جس میں ایتھوپیا کے رنرز، سفارت کار، معززین، طلباء اور دیگر شرکت کریں گے۔احسن ظفر بختاوری نے ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سفارتخانے کے ساتھ اپنے دل سے تعاون اور حمایت کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے قومی دن پر آئی سی سی آئی میں تقریب کی میزبانی کرنا چیمبر کےلئے اعزاز کی بات ہوگی۔
انہوں نے ایک سرسبز اور صاف اسلام آباد کے لیے سفیر کے اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ احسن ظفر بختاوری نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ایتھوپیئن ایئر لائنز کی براہ راست پروازوں سے دو طرفہ تعلقات بالخصوص سیاحت کے شعبے میں نمایاں طور پر فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد سے ایئر لائنز کا براہ راست آپریشن سفیر کے دور میں قابل ذکر کارنامہ ہوگا۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان-افریقہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظفر بختاوری نے سفیر بیکر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ افریقی ریاستیں پاکستان کے لیے نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے اور اس کی برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کے بے پناہ امکانات کو تسلیم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششیں ثمر آور ہوں گی اور تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنیں گی۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ممبر کاشف ظہیر، ضیاء چودھری، نثار مرزا، سیکرٹری جنرل غلام مصطفیٰ صدیق بھی موجود تھے۔