اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کے ارکان نے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جیمل بیکر عبد اللہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستانی تاجروں نے ایتھوپیا سے سستے نرخوں پر چائے اور کافی خریدنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔پاکستانی تاجروں نے کہا کہ پاکستان میں چائے اور کافی کی بہت زیادہ مانگ ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان رابطے، کوالٹی کنٹرول میکانزم اور ادارہ جاتی روابط کو بہتر کرنےکی ضرورت ہے۔
ملاقات میں ایتھوپین سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سماجی، اقتصادی اور سیاسی تعاون کے لیے روابط اور ادارہ جاتی روابط کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ سفیر نے اراکین کو یقین دلایا کہ ایتھوپیا سے چائے اور کافی کے برآمدی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایتھوپیا میں چائے اور کافی کی اضافی مقدار موجود ہے جو پاکستان میں مناسب نرخوں پر برآمد کی جا سکتی ہے جس کے لئے پاکستانی تاجران کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
ایتھوپیا کےسفیر نے تاجر برادری کو بتایا کہ فی الحال ایتھوپیا کی چائے براہ راست پاکستان نہیں آ رہی لیکن ہم پاکستان کی وزارت تجارت کے ساتھ مل کر مختلف معاہدوں پر کام کر رہے ہیں جس سے پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین تجارت آسان ممکن ہو سکے گی۔
پاکستان میں ایتھوپیا سے براہ راست فضائی سفر کے حوالے سے ایتھوپیا کے سفیر نے بتایا کہ ایتھوپین ایئر لائنز کراچی میں اگلے سال کے آغاز تک اپنا آپریشن شروع کر دے گی اس کے ساتھ ساتھ ایتھوپین سفیر نے پاکستاننی تاجروں کو ایتھوپیا میں دعوت دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستانی تاجروں کو تجارت کے لئے ایتھوپیا کا دورہ کرنا چاہیے جس میں انہیں کسی قسم کی بھی مشکل کا سامنا نہیں ہو گا۔
پاکستان میں ایتھوپین سفارت خانہ کھولنے کے حوالے سے جیمل بیکر نے تاجروں کو بتایا کہ سفارت خانے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سفارت کاری، سرمایہ کاری، تجارت، سیاحت اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینا ہے۔