پاکستان اور ایران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب

188
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ایک بھائی کی طرح ایران کا ساتھ دے گا۔ پنجاب حکومت ایران میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی سے پاکستان کی طرح ایران کو بھی جھکایا نہیں جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی کلچرل سنٹر کے زیر اہتمام خطاطی کے مقابلہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ اسلامی فن خطاطی پوری دنیا میں مسلمانوں کی منفرد پہچان ہے۔ ایران مسلمانوں کے اس عظیم ورثہ کی آ ئندہ نسلوں میں منتقلی کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔

ایرانی سنٹر لاہور میں ہر سال 200 سے زائد طلبہ و طالبات کو خطاطی کی تربیت دیتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خطاطی کے مقابلے میں متعدد طلبہ و طالبات کی شرکت قابل تحسین ہے۔ قونصلیٹ جنرل ایران کی جانب سے ٹریننگ پروگرامز اور مقابلے کروانے پر مشکور ہیں۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے صادقین اور اسلم کمال سمیت کئی باکمال، ماہر اور نامور خطاط پیدا کیے۔ وزیر اطلاعات نے خطاطی کے شاندار مقابلے کے انعقاد پر قونصل جنرل ایران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قونصلیٹ جنرل ایران آئندہ بھی اس قسم کے مقابلہ جات کا انعقاد جاری رکھے گا۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی انہی شاندار روایات کے ساتھ زندہ رہ کر ہی ترقی کر سکتے ہیں۔