پاکستان اور ایران خطے کی ترقی کےلئے کوشاں ، دونوں ملکوں کی مماثلتیں دو طرفہ تعاون کےلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتی ہیں، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

117
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے کی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کےلئے کوشاں ہیں، دونوں ملکوں کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی مماثلتیں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کےلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتی ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی روابط، تجارتی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے استحکام بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور ایران خطے کی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کےلئے کوشاں ہیں، دونوں ملکوں کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی مماثلتیں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینےکےلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتی ہیں، دونوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تعاون قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی سطح پر مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ایران نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر تعاون کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے حال ہی میں ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کا آپس میں پارلیمانی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے ایران کی حکومت کا گوادر اور مکران ڈویژن کی بجلی بحال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی بندش سے علاقے کے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا اور بحالی سے عوام کو ریلیف ملا ۔ان کا کہنا تھا کہ ایران دوست ملک ہے اور حالیہ دورہ ایران سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملا ۔ ملاقات میں ایرانی سفیر نے چیئر مین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہاکہ دونوں ممالک کے درمیا ن دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔