اسلام آباد ۔ 02 فروری (اے پی پی)پاکستان اور ایران کی ٹیموں کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشنیا زون گروپ ٹو ٹائی (کل) جمعہ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گی جس کا افتتاح وفاقی وزیر برائے صوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ اور اسلام آباد کے میئر شیخ انصر کرینگے۔ اس سلسلے میں ابتدائی میچ پاکستان کے عقیل خان کا مقابلہ ایران کے شانن خالدین سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اعصام الحق ایران کے انوشا شاہ گولی کے آمنے سامنے ہونگے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری خالد رحمانی نے کہا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لئے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔