اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے عوام کی خوشحالی اور خطہ کی ترقی کیلئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے، دہشت گردی اور انتہاءپسندی خطہ کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، اس کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ،انہوں نے یہ بات ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطہ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوستی اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھا ہے، پاکستان ایران کے ساتھ علاقائی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاءپسندی خطہ کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، اس کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور خطہ کی ترقی کیلئے باہمی قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے خیرسگالی کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں مو¿قف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطہ میں امن و ترقی کیلئے پاکستان کو ہم اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں، دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون سے دہشت گردی پر قابو پانے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔