پاکستان اور برطانیہ کا سوشل اور آن لائن میڈیا پر نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے رویوں سے متعلق مواد کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق۔۔۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈیگلیش کی ملاقات

267
پاکستان اور برطانیہ کا سوشل اور آن لائن میڈیا پر نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے رویوں سے متعلق مواد کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق۔۔۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈیگلیش کی ملاقات

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈیگلیش نے ملاقات کی، دونوں ممالک کے درمیان سوشل اور آن لائن میڈیا پر نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے رویوں سے متعلق مواد کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں میڈیا کے مختلف شعبوں، ڈیجیٹل میڈیا، میڈیا ٹریننگ اور فلم سازی میں تعاون سمیت دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے شاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی پر قائم مقام ہائی کمشنر اور برطانیہ کے عوام کو مبارک دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ برطانیہ اور کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان احترام اور باہمی اعتماد پر مبنی دوستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں فلم پالیسی اور میڈیا ٹریننگ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت، تعلیم، گورننس اور انسانی وسائل کی ترقی میں برطانوی حکومت کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تربیت کی فراہمی کیلئے برطانیہ کے جدید میڈیا نصاب سے مدد لی جائے گی۔ اس موقع پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سمیت اطلاعات کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔

انہوں نے میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کے 7 درجے بہتر ہونے کو خوش آئند قرار دیا اور وزیر اطلاعات کو مبارک دی۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے اقتصادی بحران کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے نیک خواہشات اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔