پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے خطرات سے نمٹنے ،غیر قانونی امیگریشن جیسے جرائم سے نمٹنے کے لئے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

91
Pakistan and Great Britain
Pakistan and Great Britain

لندن۔31مئی (اے پی پی):پاکستان اور برطانیہ کے مابین رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیےتعاون ، فضائی اور سمندری سرحدوں پر جرائم کا سراغ لگانے میں دوطرفہ معاونت، غیر قانونی نقل مکانی اور منظم امیگریشن جرائم سے نمٹنے کے لئے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر دستخط کر دیئے گئے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے برطانوی ہم منصب جیمز کلیورلی بھی موجود تھے۔ ایل او آئی کے تحت پاکستان اور برطانیہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوجداری انصاف کے امور پر اشتراک کیا جا سکے گا۔اس اقدام سے غیر قانونی امیگریشن جیسے جرائم سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔منشیات کی روک تھام، سنگین جرائم کی تحقیقات اور امیگریشن سے متعلقہ جرائم پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون ممکن ہو گا۔

ان امور پر عمل درآمد مشترکہ سٹیئرنگ کمیٹی کرے گی۔کمیٹی میں وزارت داخلہ، نیشنل پولیس بیورو، برطانوی ہائی کمیشن اور پروگرام ٹیم کے نمائندے شامل ہوں گے۔ جرائم کی روک تھام کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، بین الاقوامی مجرمانہ سزا کے ڈیٹا اور تجزیات کا تبادلہ کرنے میں تعاون کیا جا سکے گا ۔برطانیہ سے پاکستان اور پاکستان سے برطانیہ کو حوالگی کی درخواستوں میں سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ ایل او آئی دونوں ممالک میں باہمی قانونی امداد کے عمل کے بارے میں آگاہی اور تفہیم پیدا کرنے میں بھی مدد کرے گا۔ ایل او آئی میں معلومات کا تبادلہ، ماہرین کا اشتراک، وفود کا تبادلہ، عملے کی تربیت،   مشترکہ منصوبوں ، کانفرنسز، ورکشاپس کا انعقاد اور مخصوص آلات کی فراہمی بھی شامل ہیں ۔ اہداف کے حصول پر پیش رفت کا تعین سالانہ جائزہ کے ذریعے کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانیہ کے وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مسائل کو مشترکہ طور پر حل کرنے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا طویل المدتی شراکت دار ہے۔ پاکستان اور برطانیہ کی حکومتوں اور عوامی رابطے بے مثال سطح پر ہیں۔ برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔

افغانستان سے برطانوی شہریوں کے انخلا میں پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں شراکت انتہائی اہم ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کارکردگی اور خدمات کو سراہا۔برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل ، پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانوی وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔