پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ (بدھ کو ) کھیلا جائے گا

360

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل (بدھ کو)کھیلا جائے گا ۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں شروع ہوگا،میچ نائٹ ہوگا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 3ٹی ٹوٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 28مئی کو کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم لٹن داس کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، آل رائونڈر مہدی حسن نائب کپتان ہوں گےجبکہ دیگر اہم کھلاڑیوں میں نجم الحسن شانٹو،پرویز حسین،راشد حسین،سومیا سرکار،شمیم حسین،حسن محمود ،شرفل الاسلام اورتنویر اسلام شامل ہیں۔پاکستان کی ٹیم کو سلمان علی آغا لیڈ کریں گے جبکہ دیگر اہم کھلاڑیوں میں فخر زمان،صائم ایوب،حسن نواز،عرفان خان،محمد حارث،فہیم اشرف،خوشدل شاہ،حسین طلعت،شاداب خان،ابرا احمد،حسن علی ، محمد وسیم ، نسیم شاہ اور حارث رئوف شامل ہیں۔بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنزکہتے ہیں کہ ہم سب جانتے ہیں پاکستان ٹیم خطرناک ٹیم ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستفیض الرحمان ہمارے سینئر باؤلر ہیں ہم انہیں مس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم گزشتہ کچھ عرصے سے اچھا نہیں کھیلی لیکن وہ خطرناک ٹیم ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پاکستان کے ساتھ بہت یادیں وابستہ ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 30مئی کو کھیلا جائے گاجبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے تمام تین میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ،تینوں میچ نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔