پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی، تجارتی اور تعلیمی تعاون کے کثیرمواقع موجود ہیں، ہائی کمشنربنگلہ دیش اقبال حسین خان

89
High Commissioner Bangladesh Iqbal Hussain Khan
High Commissioner Bangladesh Iqbal Hussain Khan

سرگودھا ۔ 03 فروری (اے پی پی):پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی، تجارتی اور تعلیمی تعاون کے کثیر مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کر کے دونوں ممالک ترقی کی راہیں ہموار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقدہ خصوصی سیمینار بعنوان ”دورِ حاضر میں روائتی ٹیکسٹائل بالخصوص جامدانی بُنائی کی اہمیت“ میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کی۔ سیمینار میں پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسر قیوم، سمال چیمبر آف کامرس سرگودھا کے صدر حسن یوسف اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامدانی بُنائی کو بنگال کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامدانی بُنائی نہ صرف ایک فن ہے بلکہ بنگلہ دیشی ثقافت اور شناخت کا لازوال عنصر ہے، اسی بنیاد پر جامدانی بُنائی کو یونیسکو کی جانب سے انسانی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہاتھ سے بُنی ہوئی ٹیکسٹائل مصنوعات کی جانب لوگوں کا فطری رجحان برقرار رہے گا اس لیے یہ ہنر جدید دنیا میں منفرد تجارتی مواقع فراہم کرتا رہے گا۔ اقبال حسین خان نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی ملبوسات کو بہت پسند کیا جاتا ہے اس لیے دونوں ممالک کے پاس ٹیکسٹائل کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کے کثیر مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے سرگودھا کی مصنوعات بالخصوص سلانوالی ہینڈی کرافٹ کی بھی تعریف کی۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے بنگلہ دیش کی ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ میں شاندار کامیابیوں اور پاکستان کی اعلیٰ معیار کی کاٹن برآمدات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ تعاون کے ذریعے دونوں ممالک عالمی منڈی میں انقلابی آئیڈیاز متعارف کروا کر اپنی ٹیکسٹائل صنعتوں کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔انہوں نے یونیورسٹی سطح پر شراکت داری کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی تاکہ ٹیکسٹائل شعبے کی بڑھوتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا آمد پر پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ہز ایکسی لینسی اقبال حسین خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیکسٹائل برآمدات سے ہمیں سیکھنا چاہیے تاکہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے اس سیمینار کو طلبہ کے لیے مفید قرار دیا۔ سیمینار سے خواجہ یاسر قیوم نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے اقبال حسین خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔