پاکستان اور بنگلہ دیش کے قونصل خانوں کے حکام کا متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور بنگلہ دیشی برادری کی بہبود پر تبادلہ خیال

39

دبئی۔10جولائی (اے پی پی):دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل نےجمعرات کو بنگلہ دیش کے قونصلیٹ جنرل کے حکام کے ساتھ ایک اجلاس کی میزبانی جس میں متحدہ عرب امارات میں دونوں ممالک کے تارکین وطن کے لئے قانونی مدد اور فلاحی خدمات میں بہتری کے حوالہ سے تبادلہ کیا گیا۔

جمعرات کو پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی سے جاری بیان کے مطابق ہیڈ آف چانسری فواد علی خان، کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں عمران شاہد اور جنید مرتضیٰ نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ بنگلہ دیشی وفد میں قونصلر اور ہیڈ آف چانسری اشفاق حسین، فرسٹ سیکریٹری (لیبر)شہناز پروین اور فرسٹ سیکریٹری (قونصلر) عبداللہ المامون الرشید شامل تھے۔

اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات میں مقیم دونوں ممالک کے کم آمدنی والے کارکنوں کے لئے قانونی آگاہی، مزدوروں کے حقوق پر مقامی حکام کے ساتھ تعاون، تنازعات کے حل اور قونصلر ویلفیئر افسران کی استعداد کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اپنی برادریوں کی بہتر خدمت کے لئے مشترکہ حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ تارکین وطن کے لئے امدادی خدمات کو بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکشاپس اور علم کے تبادلے کے اقدامات کے ذریعے باقاعدہ رابطہ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا