اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے دیرینہ مسائل کا پر امن حل انتہائی ضروری ہے تاکہ سازگار ماحول قائم کر کے دونوں ممالک ترقی کی طرف گامزن ہو سکیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریہ سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیا جائے جو دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے اقدامات اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹری ڈپلومیسی کو موقع دیا جائے کہ وہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کے فروغ کیلئے کر دار ادا کر ے۔ اس حوالے سے پاک انڈیا بزنس فورم بھی دونوں ممالک کے مابین تجارت اور تعاون کے فروغ کیلئے مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بہت کم ہے۔ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن کی بدولت معاملات کو حل کر کے باہمی تجارتی کو فروغ دے کر دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمسائیہ ملک کی طرف سے پاکستان آنے والوں کو حکومت پاکستان سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ بھارت بھی ویزا کے نظام کو آسان بنا کر پاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔