پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کھلنی چاہیے،دونوں اطراف کے لوگ جو مذہبی سیاحت کے لیے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے فوری طور پر ویزہ کی سہولت فراہم کی جائے ، اسفین یار بھنڈارا کی بھارت میں میڈیا سے بات چیت

155

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سیفران اسفن یار بھنڈارا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں سے اپیل ہے کہ دونوں اطراف کے لوگ جو مذہبی سیاحت کے لیے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے فوری طور پر ویزہ کی سہولت فراہم کی جائے ، دونوں ملکوں کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ دوطرفہ تجارت ہو ، سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں تجارت بند کرنے کا فیصلہ ایک غلط فیصلہ تھا۔

وہ گولڈن ٹیمپل امرتسر کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اسفن یار بھنڈارا کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں مذہبی سیاحت کو کسی روک ٹوک کے بغیر ہونا چاہیے ، اس بارے میں دونوں اطراف سے شکایات ہیں۔

میں دونوں حکومتوں سے اپیل کرونگا کہ دونوں اطراف کے لوگ جو مذہبی سیاحت کے لیے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے فوری طور پر ویزہ کی سہولت ہونی چاہیے۔

اس کے حل بہت آسان ہے لیکن دونوں اطراف سے نیت کی کمی ہے۔ اسی وجہ سے دونوں اطراف سے مشکلات ہیں۔ اسفن یار بھنڈارا نے کہا کہ دونوں ملکوں کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ہونی چاہیے۔

میرا موقف ہے کہ تجارت کھلے گی تو پاکستان اور بھارت کو دونوں کو فائدہ ہوگا۔

دونوں ملکوں کی تجارت سے دونوں جگہوں پر مہنگائی میں کمی آئے گی ۔

اسفن یار بھنڈارا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تجارت جب بڑھے گی تو دونوں ملکوں کے درمیان نفرت بھی کم ہوتی جائے گی۔ اس وقت کرکٹ کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔

پاکستان میں بھارت کے لیے بہت زیادہ منفی جذبات نہیں ہیں۔

بعض اوقات دونوں طرف کے میڈیا میں زیادہ باتیں آتی ہیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں ہے۔ کرتار پور کوریڈور کھلنے سے سکھوں کو بہت سہولت ہوئی۔ دونوں ملکوں کو چاہیے کہ پہلے بزنس، اس کے بعد مذہبی سیاحت اور اس کے بعد دیگر شہریوں کے لیے سہولت فراہم کی جائے اور ایک ایسا وقت بھی آسکتا ہے کہ جب ویزہ آن آرائیول مل سکے۔

انہوں نے کہ پاکستان میں بھی منشیات کا بہت زیادہ مسئلہ ہے۔

اس وقت ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے منشیات اسمگل کی جارہی ہیں، بیشک دہشت گردوں اور منشیات کے اسمگلرز کے پاس بہت سے طریقے ہوتے ہیں لیکن ریاستیں ان سے بہت آگے سوچ سکتی ہیں۔