ملتان۔3اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مفادات کی بنیاد پر بننے والا پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ پی ڈی ایم کو اپنے ایجنڈے کے حصول میں ناکامی ہوئی۔ پی پی اور ن لیگ میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ حکومت کے خاتمے کیلئے گھروں سے نکلنے والے واپس اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ پہلے دن کہا تھا لٹیروں کا غیر فطری اتحاد دیر پا چلتا نظر نہیں آتا۔
اپوزیشن کے پاس عوامی ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہماری حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے قومی حلقہ این اے 156ا ور 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں مختلف تقریبات سے خطاب و وفودسے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تاثر یہ ہے کہ ہندوستان کے پاکستان کے تعلقات معمول پر آ چکے ہیں اور تجارت کھل چکی ہے لیکن یہ تاثر غلط ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات نارمل نہیں ہیں۔
حکومت کا واضح فیصلہ ہے پاکستان موجودہ حالات میں بھارت سے کسی قسم کی تجارت نہیں کرے گا۔پاکستان کا مسلسل یہ موقف رہا ہے کہ بھارت کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے ضروری ہے کہ بھارت کی جانب سے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اوربھارتی حکومت 5اگست2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات پر نظرثانی کرے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کبھی بھی بھارت کے ساتھ بات چیت سے پیچھے نہیں ہٹاتاہم مذاکرات کے لئے ساز گار ماحول بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ آج عالمی دنیا افغان عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا رہی ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے خطے میں امن و امان کا انحصار افغانستان میں مستقل قیام امن کے ساتھ منسلک ہے۔
بین الاافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے۔ فریقین کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہونگی۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے نبھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کی تیسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے۔ہم کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ نہ صرف وباء پر کنٹرول کیا جائے بلکہ معیشت کا پہیہ بھی ساتھ ساتھ چلتا رہے۔ ہم پورے ملک کو بندنہیں کر سکتے عوام ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ حکومتی و طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق ایس او پیز پر عمل کریں تب ہی ہم اس وباء کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کا عمل مرحلہ وار، کامیابی سے جاری ہے۔عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حکومتی ایس او پیز کے مطابق اپنی باری کے مطابق قریبی سینٹر سے ویکسی نیشن کروائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم عوام کے تعاون سے ماضی کی طرح وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔
جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہمارے منشور کاحصہ اور سیکرٹریٹ کاقیام جنوبی پنجاب صوبے کی پہلی سیڑھی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا پہلی دفعہ جنوبی پنجاب کے لئے علیحدہ 33فیصد بجٹ مختص کرکے رنگ فیسنگ کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطہ کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے سامنے آنے والی غلط فہمی کا ازالہ کردیا ہے اور انشا ء اللہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو بھر پور اختیارات کے ساتھ مکمل طور پر فنگشنل کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔
انہوں نے واضح کیاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو رول بیک نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے مزیدبڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکچھ سازشی عناصر جنوبی پنجاب کی ترقی نہیں چاہتے۔ وہ عناصر جنوبی پنجاب صوبے اور بلخصوص سیکرٹریٹ کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں ایسے عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی اور وہ اپنے مشن میں ناکام ہونگے۔انہوں نے کہاہم لوگ خلوص نیت سے عوامی خدمت کا مشن پورا کرتے رہیں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مخدومزادہ زین حسین قریشی کے ہمراہ این اے 157 ا ور 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں شادیو ں کی تقریبات میں شرکت کی۔ وہ حالیہ دنوں میں وفات پا جانے والی شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے جہاں انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔