پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی چھوڑنے سے متعلق ارلی وارننگ کا نظام موجود ہے، قمر زمان کائرہ

135
وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی چھوڑنے سے متعلق ارلی وارننگ کا نظام موجود ہے، حالیہ سیلاب کے دوران بھارت نے کوئی اضافی پانی نہیں چھوڑا۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعجاز چوہدری، سینیٹر فدا محمد اور سینیٹر سیمی ایزدی کے سوالات کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت نے 34 ہزار کیوسک پانی چھوڑا، ارلی وارننگ کا نظام موجود ہے، دونوں ملک معاہدے کے تحت پابند ہیں کہ غیر معمولی صورتحال سے متعلق ایک دوسرے کو آگاہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے حق میں تھا، اگر یہ معاہدہ نہ ہوتا تو شاید بھارت پاکستان کو جو پانی مل رہا ہے اس کا بھی رخ موڑ دیتا، عامی بینک اس معاہدے کا ضامن ہے۔