پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت میں اضافہ ضروری ہے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

100

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت میں اضافہ ضروری ہے، دونوں ممالک کے درمیان زرعی مشینری اور آٹوموبائل کے شعبے میں تعاون کو وسعت دی جائے گی

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں بیلاروس کے وزیر توانائی کے ساتھ بزنس فورم کی مشترکہ صدارت کے دوران کیا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان-

بیلاروس بزنس فورم کے دوران آٹھ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹرز پائیداری اور مضبوطی کی علامت سمجھے جاتے ہیں اور یہاں مقامی مارکیٹ میں ان کی بہت طلب بہت زیادہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کے لیے 2025-27 کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا ہے، دونوں ممالک تعاون کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس علاقائی تجارت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم میں شراکت دار بھی ہیں،پاکستان بیلاروس سے ٹیکنالوجی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کی دو طرفہ تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے، پاکستان سے گوشت، ڈیری، زرعی مصنوعات اور کاغذی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں۔ وزیر تجارت نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے جس پر وفاقی حکومت کام کر رہی ہے،پاکستان خطے میں تجارتی اور ٹرانزٹ حب بننے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی تجارتی مارکیٹ ہے۔