اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) سفیر شفقت علی خان نے پاکستان جبکہ بیلاروس کی جانب سے اول نائب وزیر خارجہ سرگئی لوکاشیوچ نے وفد کی قیادت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے سیاسی تعلقات، اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور بات چیت، تجارت و سرمایہ کاری، فوجی اور سکیورٹی تعاون، تعلیم اور عوام سے عوام کے رابطوں کے متعلق دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
پاکستان بیلاروس تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ سفیر سرگئی لوکاشیوچ نے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے شعبوں سمیت اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔