پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا

225

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا دوسرا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے اگلے سال کے لیے دو طرفہ مصروفیات اور تعاون کا ایجنڈا طے کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) ایمبیسیڈر محمد سلیم جبکہ بیلجیئم کے وفد کی قیادت بیلجیم کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے دو طرفہ امور ایمبیسیڈر جیروئن کورمین نے کی۔ دونوں اطراف نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ سیاسی مشاورت کو دو طرفہ مصروفیات کا باقاعدہ سالانہ عنصر بنانے پر اتفاق کیا۔ مشاورت کا اگلا دور اگلے سال برسلز میں باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر منعقد ہوگا۔ اس سال پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ ہے۔ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، علمی و ثقافتی تعاون، سیاحت اور ورک فورس کی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے اور گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔