اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں وفود کی سطح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے تاجک صدر اور ان کے وفد کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ تاجک صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کو سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعاون کے معاہدے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں خصوصاً ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار ، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔
تاجکستان کے صدر نے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں اور وہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری کے خواہشمند ہیں۔ دونوں ممالک کے وفود کے مابین تجارت ، سرمایہ کاری ، صنعت ، ٹیکنالوجی، توانائی ، تعلیم ، مواصلات، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔