پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ترجیحی تجارت کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے

181

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ترجیحی تجارت (مصنوعات کی تجارت) کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے ہیں۔ معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر تجارت سیّد نوید قمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وفاقی وزیر سرمایہ بورڈ چوہدری سالک حسین، ترکیہ کے وزیر تجارت مہمت موس اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر تجارت سیّد نوید قمر اور ترکیہ کے وزیر تجارت مہمت موس نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ معاہدہ کے تحت ترکیہ نے زرعی اور صنعتی شعبوں کی پاکستان کی مختلف مصنوعات کی برآمد پر 261 ٹیرف لائنز جبکہ پاکستان نے 130 ٹیرف لائنز کی رعایت دی ہے۔ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے 2016 میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان فریم ورک معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے اور اس وقت ترکیہ کے وزیر معیشت مصطفیٰ علی تاس اور پاکستان کے وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے دستخط کئے تھے۔ فریم ورک معاہدہ کے تحت مختلف ایسے شعبوں کی نشاندہی کیلئے مشترکہ سٹڈی کا آغاز کیا جس میں تجارت کی راہ میں حائل ٹیرف کی رکاوٹیں دور کرکے دونوں ممالک پیشرفت کر سکتے تھے۔

مئی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ترکیہ کے دورہ سے پہلے تک ترجیحی تجارت کے معاہدہ پر مذاکرات کا عمل سست روی کا شکار رہا۔ اس دورہ کے بعد ترجیجی تجارت کے معاہدہ پر تیزی سے پیشرفت ہوئی اور اس معاہدہ کیلئے مذاکرات کے 19 ادوار کے بعد 12 اگست کو معاہدہ کو دستخطوں کیلئے حتمی شکل دی گئی۔

مصنوعات کی تجارت کے معاہدہ سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔ ترجیجی تجارت کے معاہدہ کے تحت پاکستان نے 216 ٹیرف لائنز میں مارکیٹ تک رسائی حاصل کی ہے اور ان مصنوعات کی پاکستان کی عالمی برآمدات کا حجم 5.1 ارب ڈالر جبکہ ترکیہ کی ان مصنوعات کی عالمی درآمدات 7.6 ارب ڈالر ہیں۔ پاکستان نے جن 130 ٹیرف لائنز پر رعایت دی ہے ان میں ترکیہ کی عالمی برآمدات 23 ارب ڈالر ہیں جو کہ ترکیہ کی عالمی برآمدات کا 12 فیصد بنتی ہیں جبکہ ان مصنوعات کی پاکستان کی عالمی درآمدات 6 ارب ڈالر ہیں۔ 2021

-22 میں پاکستان اور ترکیہ کا دوطرفہ تجارتی حجم 883 ملین ڈالر رہا جن میں پاکستان کی ترکیہ کیلئے برآمدات کا حجم 366 ملین ڈالر جبکہ ترکیہ سے پاکستان کی درآمدات 517 ملین ڈالر تھا اور 2021-22 میں تجارتی توازن ترکیہ کے حق میں 151 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔