اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):پاکستان اور ترکیہ نے تجارت ،خزانہ ، دفاع ، سائنس اور ٹیکنالوجی، توانائی، اطلاعات و نشریات ، تعلیم ، صحت، غذائی تحفظ، آبی وسائل، مذہبی امور سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور اشتراک کار کے فروغ کے لئے 24معاہدوں، پروٹوکولز اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ جمعرات کوپاکستان ترکیہ اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس کے بعد وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ دستخطوں کی باضابطہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔
وزیراعظم پاکستان اور ترکیہ کے صدر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور متنوع بنانے اور ادارہ جاتی شکل دینے کے لئےپاکستان۔ ترکیہ ایچ ایل ایس سی سی کے ساتویں اجلاس اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پردستخط کئے۔اس موقع پردونوں جانب سے دستخط شدہ 24معاہدوں ،پروٹوکولز ، اعلامیوں اور ایم او یوزکا تبادلہ کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق سماجی اور ثقافتی مقاصد کے لئے فوجی اور سویلین اہلکاروں کے تبادلے پر مفاہمت کی یادداشت ،ایئر فورس الیکٹرانک وارفیئر میں تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت اور ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون سے متعلق پروٹوکول پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترک وزیر دفاع یوشار گلیر نے دستخط کئے۔
ہائیڈرو کاربن کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول ، انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور ترک وزیر توانائی اور قدرتی وسائل الپرسلان بیرکتر نے دستخط کئے۔ مصنوعات کی تجارت کے معاہدے کو اپ گریڈ کرنے کے عزم پر مشترکہ وزارتی بیان اور تجارت میں استعمال ہونے والے اصل سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالہ سے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر تجارت عمر بولت نے دستخط کئے۔
زرعی بیج کے شعبے میں تعاون کے معاہدے اور آبی شعبے میں تعاون کے معاہدہ پر وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور ترک وزیر وزیر زراعت اور جنگلات ابراہیم یومکلی نے دستخط کئے۔ لیگل میٹرولوجی انفراسٹرکچر کے قیام بارے مفاہمت کی یادداشت اور پاکستان۔ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سنٹر کی تکنیکی معاونت اور ترقی کے لئےسائنسی اور تکنیکی ریسرچ کونسل ترکیہ اینڈ ٹیکنالوجی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (این ٹی یو) فیصل آباد کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ترک صنعت اور ٹیکنالوجی کے وزیر محمد فتح کاکر نے دستخط کئے۔ ایکسپورٹ کریڈٹ بینک آف ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے درمیان ایم او یو بارے اعلامیہ پر پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ترکیہ کی جانب سے وزیر تجارت عمر بولت نے دستخط کئے ۔
صنعتی املاک کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر صنعت و ٹیکنالوجی محمد فتح کاکر انے دستخط کئے۔ دینی خدمات اور مذہبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور مذہبی امورترکیہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے دستخط کئے۔ حلال تجارت میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ترک وزیر تجارت عمر بولت نے دستخط کئے ۔مرکزی بینک آف ترکیہ (سی بی آر ٹی) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے درمیان تکنیکی تعاون کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے دستخط کئے۔
وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق دو ایم او یوز طے پائے۔ تعلقات عامہ اور کمیونیکیشنزکے شعبے میں تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت اور میڈیاو کمیونیکیشن کے شعبے میں تعاون کے بارے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور ترکیہ کے کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹرفخر الدین التون نے دستخط کئے ۔ صحت اور ادویہ سازی کے شعبے میں تکنیکی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور ترک وزیرخارجہ حقان فیدان نے دستخط کئے ۔
ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز اور پاکستان کے نیول ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پرڈی جی این آر ڈی آئی پاکستان نیوی، رئیرایڈمرل جاوید اقبال اور ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز کےڈی جی ڈاکٹر مہمت دیمیر اوغلو نے دستخط کئے۔ترکیہ دفاعی صنعت کے سیکرٹریٹ اور وزارت دفاعی پیداوارپاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترک سیکرٹری دفاعی صنعت ہالوک گورکن نے دستخط کئے۔
ثقافتی تعاون کے معاہدے اور آڈیو ویژول سروسز میں کوپروڈکشن بارے معاہدے پر وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن عطاء اللہ تارڑ اور وزیرخارجہ حقان فیدان نےدستخط کئے۔ اس کے علاوہ پاکستان ترکیہ بزنس فورم کےدرمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔