
اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) پاکستان اور ترکی نے دونوں ممالک کے درمیان موجود قریبی، گہرے اور کثیر الجہتی روابط اور مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اپنے خصوصی تعلقات کو مضبوط سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد جمعرات کو ایوان وزیراعظم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وسیع تر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خصوصی تعلقات کو مضبوط سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں اطراف نے اتفاق کیا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون میں اضافہ مضبوط اقتصادی تعلقات کا محور رہنے چاہئیں۔ اس ضمن میں ہم نے 2017ءکے آخر تک جامع دوطرفہ آزادانہ تجارتی معاہدے کے لئے مذاکراتی عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترک صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی اپنے اپنے خطوں میں عدم استحکام، تصادم اور تبدیلی کے حالات و واقعات دیکھنے والی دو اہم ریاستیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر اردوان اور میں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کے قریبی تعلقات نے اس مشکل ماحول میں استحکام کے ایک مضبوط عنصر کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ہمسائیگی کے لئے پرعزم ہے اور پاکستان اور ترکی خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔