پاکستان اور تنزانیہ 12 مارچ کو دارالسلام میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس منعقد کریں گے

62

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان اور تنزانیہ 12 مارچ کو دارالسلام میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس منعقد کریں گے۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ مذاکرات میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افریقہ) شہریار اکبر پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ تنزانیہ کے وفد کی قیادت وزارت خارجہ اور مشرقی افریقی تعاون کے ڈائریکٹر ایشیا سالواتور ایمبیلینی کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ تنزانیہ افریقی براعظم میں پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا آغاز دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کی ہماری باہمی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان مشغولیت اور بات چیت کے لیے ایک اہم ادارہ جاتی فریم ورک کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر تبادلہ خیال کریں گے، تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔