پاکستان اور جاپان کے ثقافتی تعلقات بے مثال ہیں،غلام مصطفی جیسے بڑے آرٹسٹ کی نمائش کا افتتاح کرنا میرے لئے اعزازکی بات ہے ،جاپان کے سفیرتاکاشی کورائے

105

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) جاپان کے سفیرتاکاشی کورائے نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے ثقافتی تعلقات بے مثال ہیں۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیراہتمام صدارتی ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ غلام مصطفی کے بنائے ہوئے فن پاروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پرکہی۔ ناہید منظور اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد ان کے ہمراہ تھے۔ سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل غلام مصطفی آرٹ اینڈ کلچرکے شعبہ میں 40 سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان کے ان چند آرٹسٹوں میں سے ہیں جو ماسٹر آف لینڈ سکیپ کہلاتے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک جن میں امریکہ، برطانیہ، جاپان، دبئی اور کویت سمیت کئی ممالک شامل ہیں، میں 21 سے زائد نمائشوں کا انعقاد کیا ہے۔ اس نمائش میں 40 فن پارے آرٹ گیلری کی زینیت بنے ہیں جس کا محورلاہوراوراس کے مضافات ہیں۔اسی بنا پر انہیں 2002ءمیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے کہا کہ غلام مصطفی جیسے بڑے آرٹسٹ کی نمائش کا افتتاح کرنا میرے لئے اعزازکی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی نمائش میں لگے فن پارے آرٹسٹ کی صلاحتیوں اورتخلیقی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلام مصطفی نے جاپان کا بھی دورہ کیا ہے اورجاپان میں فطرت کا قریبی جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کرخوشی ہوئی ہے کہ ان کا کام وزیراعظم، پارلیمنٹ اور وزیراعلیٰ ہاوس لاہورسمیت کئی اہم جگہوں کی زنیت بنا ہوا ہے۔