پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات رئوف حسن کی جاپانی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

78

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات رئوف حسن نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، پی ٹی وی اور این ایچ کے کے باہمی اشتراک سے دستاویزی فلموں کی معاون پروڈکشن بھی شروع کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری متسودا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات بشمول اقتصادی تعاون، تجارت و سیاحت کے فروغ اور پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی تعلقات کی بہتری کے امور زیر بحث آئے۔ ملاقات کے دوران ذرائع ابلاغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے پہلووں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معاون خصوصی رئوف حسن نے صحت، تعلیم، ابلاغیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کے لئے جاپان کی معاونت کا اعتراف کیا۔ جاپانی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تھنک ٹینک کی سطح پر تعاون کے فروغ کے لئے ایک تھنک ٹینک کے قیام کی تجویز پیش کی۔ افغان امن عمل کے تناظر میں علاقائی استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ معاون خصوصی نے تجویز دی کہ این ایچ کے اور پی ٹی وی باہمی اشتراک سے دستاویزی فلموں کی معاون پروڈکشن بھی شروع کی جا سکتی ہے۔ جاپانی سفیر کونینوری متسودا نے پاک جاپان تعلقات کے تاریخی حوالہ پر بھی روشنی ڈالی۔ معاون خصوصی رئوف حسن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ جاپانی سفارتخانہ کے قونصلر اور ہیڈ آف پروٹوکول اور جنرل افیئرز تاکی کیدا امسائو بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔