اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):پاکستان اور جمہوریہ قازقستان نےطبی ڈگریوں کے باہمی اعتراف پر زور دیتے ہوئے تعلیمی تعاون اور طلبا کے تبادلہ پروگرام پر اتفاق کااظہار کیا ہے۔
پی ایم ڈ ی سی کی جاری بیان کے مطابق پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج سے ملاقات کی۔ اس موقع پرفریقین نے طبی تعلیم اور صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے تعلیمی تعاون، طلبہ کے تبادلہ پروگرامز، اور دونوں ممالک کے درمیان طبی ڈگریوں کے باہمی اعتراف کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر نے پاکستان کی طبی تعلیم میں پیشرفت کو سراہا اور اس شعبے میں قازقستان کی دلچسپی اور قریبی تعلقات کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے میں پی ایم ڈی سی کے عزم کو دہرایا۔
انہوں نے پاکستان میں معیاری طبی تعلیم اور پیشہ ورانہ معیارات کو یقینی بنانے میں پی ایم ڈی سی کے کردار کو اجاگر کیا۔ دونوں فریقوں نے طبی تحقیق، اساتذہ کے تبادلے، اور صلاحیتوں کی ترقی کے اقدامات میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں ڈاکٹروں کی کوئی کمی نہیں ہے، تاہم قازقستان کو اپنی طبی اور دندان سازی کی تعلیم کے معیارات کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ اپنی ضروریات پوری کر سکے۔قازقستان کے سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک طبی تعلیم کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ قازقستان میں اعلیٰ معیار کے طبی اور دندان سازی کے کالجوں کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قازقستان پی ایم ڈی سی کو طبی شعبے میں ہونے والی نئی اختراعات اور نئے طبی اداروں کے قیام سے آگاہ رکھے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=560259