پاکستان اور جمہوریہ کوریا 15 سے 16 اپریل کو اقوام متحدہ کے امن مشن کی وزارتی تیاری کے تیسرے اجلاس کی میزبانی کریں گے

121
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان اور جمہوریہ کوریا 15 سے 16 اپریل کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی وزارتی تیاری کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ شراکت میں اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی وزارتی تیاری کے تیسرے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

یہ اجلاس برلن جرمنی میں اس سال 13 اور 14 مئی کو اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے کے آئندہ وزارتی اجلاس کے لئے عالمی اسٹیک ہولڈرز کو”محفوظ اور زیادہ موثر امن قائم کرنے کی طرف: ٹیکنالوجی کا استعمال اور مربوط نقطہ نظر“ کے موضوع کے تحت اکٹھا کرنے کے لئے مرحلہ طے کرے گا۔

اقوام متحدہ کے اس دو سالہ اجلاس میں خارجہ اور دفاع کے وزرا امن قائم کرنے کی کارروائیوں کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ اسلام آباد میں ہونے والے تیاری اجلاس میں پاکستان کی طرف سے اعلیٰ شخصیات کے علاوہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام بشمول امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری جنرلجین پیئر لیکروکس اور انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ اتول کھارے شرکت کریں گے۔

اسلام آباد میں دو روزہ تیاری کے اجلاس میں قیام امن کے مستقبل پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے پینل مباحث ہوں گے جس میں امن کی کارروائیوں کو درپیش چیلنجز پر غور کرنے کے لئے مختلف ذیلی موضوعات پر بات چیت شامل ہے جس میں امن کے مستقبل کو محفوظ اور زیادہ موثر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا کردار، ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے امن فوجیوں کی حفاظت اور سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنا، اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں کی حمایت میں علاقائی اور بین علاقائی تنظیموں کا کردار، امن فوجیوں کی موثر کارکردگی اور پائیدار اور پائیدار امن کے لئے ایک مربوط نقطہ نظرشامل ہیں۔

بیان کے مطابق یہ اجلاس اقوام متحدہ کے قیام امن کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرنے کا ایک موقع فراہم کرے گی، پاکستان اقوام متحدہ کو فوجی تعاون کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان نےماضی میں اقوام متحدہ کے 48 مشنوں میں 235,000 امن فوجی تعینات کئے ہیں جبکہ 181 پاکستانی امن فوجیوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کی خدمت میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے تیاری کے اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کے لئے اس کی مسلسل وابستگی اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں تصور کئے گئے امن و سلامتی کے اجتماعی فروغ میں اس کے ٹھوس تعاون کی نشاندہی کرے گی۔

C