اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ۔20 بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل) ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کو مہمان ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہے ۔ گرین شرٹس نے پروٹیز ٹیم کو پہلے ٹی -20میچ میں 3رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں ٹی ۔20 سیریز میں شرکت کے لئے لاہور میں موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ۔20 میچ 14فروری کو کھیلا جائے گا ۔ ٹی ۔20 میچوں کی سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے اور فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 6بجے شروع ہوں گے۔ اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کیا تھا۔ پاکستان ٹیم نے کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس نے پروٹیز کو 95رنز سے شکست دی تھی ، اس بڑی کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ ٹیم کی درجہ بندی میں ترقی پاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان ٹیم کی قیادت ہنریک کلاسین کریں گے جبکہ پاکستان ٹیم بابر اعظم کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی۔